تالیف:
ابو ھمام محمد بن علی الصومعی البیضانی
ترجمہ:
سیف الرحمن حفظ الرحمن تیمی
میں نے یہ عزم وارادہ کیا کہ ایسے چند وسائل کو معرض تحریر میں لاؤں جن کو اختیار کرکے ہمارے اسلاف کرام رحمہم اللہ سنت نبویہ کی حفاظت کیا کرتے تھے ، تاکہ ان وسائل کو جان کر اپنے دین کے تئیں غیرت رکھنے والا مسلمان یہ سمجھ سکے کہ نبی صلى الله علیہ وسلم کی جو صحیح احادیث ہم تک پہنچی ہیں،ان احادیث کے اسانید او ررواۃ کے تعلق سے ہمارے اسلاف کرام اور علمائے عظام کی تحقیق وجستجو اور بحث وتمحیص کے بعد ہی وہ حدیثیں ہم تک پہنچی ہیں، یہ جاننے کے بعد اس کے اندر ان احادیث کی صحت کا یقین بڑھ جائے گا، ان پر عمل کرنے کے تئیں اس کے دل میں مزید اطمینان پیدا ہوگا، نیز وہ اس بات سے بھی واقف ہوجائے گا کہ سنت نبویہ میں طعن وتشنیع کرنے والوں کا طریقہ غلط ہے اور وہ جاہل ونادان ہیں جن کی طرف نظر التفات کرنا اور ان کی بیہودہ او ر بے بنیاد باتوں پر کان دھرنا عبث اور بے کار ہے، یہ تو ان لوگوں کی بات ہوئی جو ان کے شبہات کے جال میں پھنسنے سے پہلے ہی حقیقت سے آگا ہ ہوجاتے ہیں، لیکن جو شخص ان کے دام فریب میں آگیا ہو اس کے لئے نجات کی راہ یہی ہے کہ اس کے دل میں جن شبہات نے جگہ بنالیا ہو، ان کے تعلق سے علمائے کرام سے سوال کریں ، تاکہ وہ اس کے سامنے حق واضح کرسکیں اور اس کے دل سے باطل دور ہوسکے، توفیق یافتہ وہی ہے جسے اللہ اپنی توفیق سے نوازے۔