تالیف: فضیلۃ الشیخ ماجد بن سلیمان الرسی حفظہ اللہ
ترجمہ:سیف الرحمن حفظ الرحمن تیمی
محترم قاری! اللہ تعالی نے ایک عظیم مقصد کے پیش نظر شریعتیں مقرر فرمائی، وہ یہ کہ لوگوں کو دین ودنیا کی بھلائی کی رہنمائی کی جائے ، کیوں کہ انسانی عقل بذات خوت ایسے قوانین واحکام وضع نہیں کرسکتی جو لوگوں کو سیدھی راہ کی رہنمائی کر سکیں، بلکہ یہ اس اللہ کی خصوصیات میں سے ہے جو اپنی صفات میں کامل، اپنے افعال واقوال اور تقدیر میں حکیم ، اپنی مخلوق کی مصلحتوں سے باخبر اور ان پر مشفق ومہربان ہے، جبکہ انسان کا علم بہت ناقص ہے۔
دینی اعتبار سے یہ بات یقینی طور پر معلوم ہے کہ آسمانی شریعتیں اللہ کی جانب سے نازل کردہ ہیں، اللہ تعالی نے ہر قوم میں ان کی زبان بولنے والا ایک رسول مبعوث فرمایا، تاکہ وہ انہیں ایسی شریعت پہنچائیں جو ان کے لئے موزوں اور مناسب ہو، اللہ نے انہیں بغیر کسی شریعت کے یوں ہی بے کارنہیں چھوڑا ، فرمان باری تعالی ہے : (ولكل قوم هاد)
ترجمہ: اور ہر قوم کے لئے ہادی ہے۔
نیز فرمایا: (لكل جعلنا منكم شرعة ومنهاجا).
ترجمہ: تم میں سے ہر ایک کے لئے ہم نے ایک دستور اور راہ مقرر کردی ہے۔
انسانوں سے یہ مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ان نبیوں کی اطاعت کریں جنہیں اللہ نے ان کی طرف مبعوث فرمایا، فرمان الہی ہے: (وما أرسلنا من رسول إلا ليطاع بإذن الله).
ترجمہ: ہم نے ہر رسول کو صرف اسی لیے بھیجا کہ اللہ تعالی کے حکم سے اس کی فرمانبرداری کی جائے۔
اللہ تعالی نے جو احکام وقوانین نازل فرمائے، ان میں سب سے عظیم توریت، انجیل اور قرآ ن ہیں، چنانچہ بنی اسرائیل سے یہ عہد وپیمان لیا کہ وہ اپنی شریعتوں کی حفاظت کریں ، لیکن وہ نہیں کرسکے، بلکہ ان میں تحریف کی اور انہیں ضائع کردیا، البتہ قرآن کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ نے اپنے اوپر لی، فرمان باری تعالی ہے: (إنا نحن نزلنا الذكر وإنا له لحافظون)
ترجمہ: ہم نے ہی اس قرآن کو نازل فرمایا ہے اور ہم ہی اس کے محافظ ہیں۔
بندوں پر یہ اللہ کی رحمت ہی ہے کہ اس نے ان کے لیے ایک ایسی شریعت محفوظ رکھی جس کی روشنی میں وہ قیامت تک اللہ کی عبادت کرتے رہیں گے۔
تمام شریعتیں ایک اللہ کی عبادت کرنے اور شرک سے باز رہنے کی دعوت دیتی ہیں، اللہ تعالی فرماتا ہے: (وما أرسلنا من قبلك من رسول إلا نوحي إليه أنه لا إلـٰه إلا أنا فاعبدون)
ترجمہ: تجھ سے پہلے بھی جو رسول ہم نے بھیجا اس کی طرف یہی وحی نازل فرمائی کہ میرے سوا کوئی معبود برحق نہیں، پس تم سب میری ہی عبادت کرو۔
نیز اللہ کا فرمان ہے: (ولقد بعثنا في كل أمة رسولا أن اعبدوا الله واجتنبوا الطاغوت).
ترجمہ: ہم نے ہر امت میں رسول بھیجا کہ (لوگو!) صرف اللہ کی عبادت کرو اور اس کے سوا تمام معبودوں سے بچو۔
شریعتیں فرعی مسائل میں باہم مختلف ہیں، تاہم اصول ومبادی میں باہم متفق ہیں، اور وہ اصول یہ ہیں: اللہ ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، یوم آخرت اور تقدیر کے خیر وشر پر ایمان لانا۔
اللہ کی شریعتیں جن امور میں باہم متفق ہیں، ان میں یہ بھی ہے: دین ، عزت وناموس، جان ومال اور عقل کی حفاظت۔
مذکورہ تمہید کے بعد آپ جان رکھیں کہ شریعتوں کے اہداف ومقاصد کو سمجھنے کے لیے یہ ایک مفید مقدمہ ہے، جو شخص اس مقدمہ کو سمجھ لے، اس کے لیے اللہ کی اس حکمت کو سمجھنا آسان ہوجائے گا جس کے پیش نظر اللہ نے شریعتیں نازل فرمائی۔